پنجاب اور وفاقی پولیس کی اعلیٰ کارگردگی فوٹو سیشنز اور سوشل میڈیا تک محدود ہو کر رہ گئی
ڈاکوؤں کو ہیومن انٹیلیجنس اور دیگر آلات کے ذریعہ بروقت گرفتار کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔پنجاب اور وفاقی پولیس سمندر پار پاکستانیوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو گئی، تارکین وطن کو کھلے عام لوٹنے والا گروہ قانون کی گرفت سے باہر،ایئرپورٹ سے نکلتے ہی کسی بھی غیر مصروف شاہراہ پر وطن واپس آنے والوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنا معمول بن گیا۔ (ڈاکٹر ناصر : سہارا نیوز پاکستان)
متاثرین کا کہنا ہے کہ وردی میں ملبوس ڈاکو ویگن آر کار پر گاڑی کو زبردستی روکتے ہیں،مسلح ملزمان بآسانی وطن واپس آئے شہری کی جمع پونجی ہتھیانے کے بعد فرار ہو جاتے ہیں، متاثرین کی درخواست پر مقدمات کے اندراج میں بھی تاخیری حربے استعمال کئے جاتے ہیں پولیس درج مقدمات بھی منطقی انجام تک پہنچانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، مسلح گروہ ایک ہی کار مختلف نمبر لگا کر استعمال کر رہا ہے،سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجودِ ملزمان کی گرفتاری نہ ہونا پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔اوورسیز کمیونٹی کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہے۔ راولپنڈی کے علاقہ تھانہ روات کی حدود سمیت سول لائن، نصیرآباد، شمس کالونی، تھانہ واہ اور باہتر سمیت متعدد علاقوں میں ویگن آر گینگ عرصہ دراز سے سرگرم ہے، ان علاقوں میں متعدد بار ڈکیتی کی وارداتیں رپورٹ ہو چکی ہیں، متاثرین نے صرف فوٹو سیشن کاروائیاں کرنے والے اداروں پر کڑی تنقیید کی ہے اور کہا ہے کہ ہم پاکستانی شہری ہیں ٹیکس دیتے ہیں ، ایسے واقعات ہم باہر سے آنے والوں کے ساتھ تواتر سے پیش آرہے ہیں ،اس پر بھی پولیس اور سیکیورٹی ادارے تحفظ فراہم نہیں کر سکتے،حکومت اگر ادارے ٹھیک نہیں کر سکتی تو ادارے بند کر دے، سی پی او، آر پی او راولپنڈی،آئی جی پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب واقعات کا نوٹس لیں