پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو کہا ہے کہ وہ زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ پر ’حملہ‘ کرنے والے ہر پولیس افسر کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے جا رہے ہیں۔
اتوار کو یوٹیوب پر نشر ہونے والے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے تمام وکلا سے کہہ دیا ہے کہ ایسے پولیس افسروں کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکٹائیں۔ | ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان لاہور
عمران خان کا یہ اعلان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب گذشتہ روز آئی جی پنجاب کے مطابق پولیس نے سرچ وارنٹ لے کر عمران خان کی رہائش گاہ کی تلاشی لی جہاں انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لاہور میں ہفتے کو ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا تھا کہ ’عدالت نے قانون کی حکمرانی کی بات کی اور دونوں فریقین سے کہا کہ اگر آپ نے گھر کے اندر جانا ہے تو اس کے لیے سرچ آپریشن ہونا چاہیے اور ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی کہا کہ آپ آپس میں بات کر لیں تاکہ گھر کے اندر جانے میں آسانی رہے۔‘
پنجاب پولیس نے رہائش گاہ سے اسلحہ کے علاوہ پیٹرول بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم عمران خان نے ایسے تمام دعوؤں کو مسترد کیا ہے۔
عمران خان نے سوال کیا کہ ’پلاسٹک کی بوتلوں میں کون سے پیٹرول بم ہوتے ہیں؟ جھوٹ کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔‘
ان کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کا حکم تھا کہ ایک ’ایس پی لیول کا افسر ان کے گھر کی تلاشی پی ٹی آئی کے ایک نمائندے کی موجودگی میں ہی لے سکتا ہے۔‘
پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے خطاب میں آئی جی پنجاب پر ’بدنیت‘ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’محکمہ پولیس کو ایسے افسروں کے خلاف کارروائی کرنا چاہیے۔‘
عمران خان نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ ہفتے کو ’اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں انہیں قتل کرنے یا پھر پکڑ کر بلوچستان کی جیل لے جانا کا منصوبہ تھا۔
میں لاہور سے اسلام آباد کے لیے نکلا تو مجھے پتہ تھا کہ یہ مجھے پکڑ لیں گے۔ جب میں اسلام آباد ٹول پلازہ پہنچا تو مجھے پکا یقین تھا کہ یہ کیا کریں گے کیونکہ اس دن ساری موٹر وے بند تھی، جیسے کوئی بڑا مجرم آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے پرامن کارکنوں کو اشتعال دلایا، جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تو پھر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی گئی، میں تو وہاں صرف حاضری لگانے کے لیے گیا تھا لیکن انہوں نے پورا علاقہ بند کر دیا۔