وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی بحالی، توانائی کی قلت کے خاتمے کے لئے اجلاس منعقد ہوا

 


اسلام آباد۔ 15 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی بحالی، توانائی کی قلت کے خاتمے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ توانائی کی بچت کا قومی ہنگامی پلان تیار کر لیا گیا جس سے امپورٹ بل میں نمایاں اور واضح کمی ہو گی ، غیر معمولی صور تحال میں غیر معمولی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔


 جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ایمر جنسی بچت پلان حتمی منظوری کے لئے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ تمام وزراء اعلیٰ کو بھی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں مدعو کیا جائے گا۔ انرجی بچت پلان پر صوبوں کے ساتھ مل کر عملدرآمد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا بھی فیصلہ کیا گیا، نجی اور سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا بھی پلان کا حصہ ہے۔


 انہوں نے بتایا کہ ہنگامی توانائی بچت پلان کا مقصد عوام اور معیشت پر دباؤ کم کرنا ہے کیونکہ عالمی منڈی میں تیل سمیت ایندھن کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا درآمدی بل 29 بلین ڈالر سالانہ ہے ، روپے میں یہ رقم 6 کھرب روپے سے زیادہ ہے، توانائی بچت پلان کے نتیجے میں 1.3 بلین ڈالر سالانہ کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو پاکستانی روپے میں 262 ارب روپے سے زائد رقم بنتی ہے۔


 انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے غیر معمولی اقدامات ناگزیر ہیں جس میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کر نا پڑے گا۔ تمام صوبوں کو مل کر نیشنل کنزرویشن پلان پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کی بچت پاکستان کی بقاء کا مسئلہ ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Welcome To Sahara News Pakistan
Let Us Know Your Valuable Feedback Thanks.

جدید تر اس سے پرانی