کراچی:حکمرانوں کی عدم دلچسپی کے باعث عوام زندگی کی بنیادی سہولیات کو ترس گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں پانی ، بجلی اور گیس کی عدم فراہمی پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔تفصیلات کے مطابق ماڑی روڈ دعا ہوٹل کے قریب علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کے دونوں ٹریک پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث ماڑی پور روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئے اور دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق علاقہ مکین پانی ، بجلی اور گیس کی عدم فراہمی پر احتجاج کر رہے تھے جبکہ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک اور علاقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جو دستیاب متبادل راستے تھے وہاں سے گاڑیوں کو نکالنے کا عمل شروع کر دیا تاہم احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں شدید خلل واقع ہوا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گھروں میں نہ تو بجلی آرہی ہے اور نہ ہی گیس جبکہ رہی سہی کسر پانی کی عدم فراہمی نے بھی پوری کر دی ہے، گرمیوں کے ساتھ ساتھ اب سردیوں میں بھی بجلی کی بندش اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ پر شہری گیس سلنڈر خرید کر اس میں مہنگی ایل پی جی گیس خریدنے پر مجبور ہیں اور گیس سلنڈر کی خریداری میں بھی ناقص میٹریل کے گیس سلنڈرز کے پھٹنے کے بھی ممکنہ واقعات جنم لے رہے ہیں جس کے وجہ سے گھروں میں موجود مکینوں کی زندگی بھی داؤ پر لگی ہے۔