قصور(سہارا نیوز پاکستان تازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2022ء) کمشنر لاہور ڈویژن محمد عامر جان کی زیر صدارت مختلف محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن عبدالسلام عارف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذیشان رانجھا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ لاہور جاوید رشید چوہان ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی ۔
اجلاس کو ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں ، ریونیو ، پولیس ، ہیلتھ ، ایجو کیشن ، ہائی وے ، بلڈنگز، زراعت ، ماحولیات ، خوراک ، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال اور دیگر محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
لاہور ڈویژن محمد عامر جان نے کہا کہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔افسران سائلین کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لا کر عوام الناس کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔
کمشنر لاہور ڈویژن نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کو بروقت یقینی بنایا جائے ۔ ہر ترقیاتی سکیم عوام کی سہولت کیلئے ہے اس لئے کسی منصوبے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے ۔ سستی روی سے کام کرنے والے ٹھیکہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ رجسٹری کے فوری بعد انتقال کا اندارج کروایا جائے تمام متعلقہ افسران اس کی سختی سے پابندی کریں ۔
ریونیو افسران کے ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن کو انتقالات سے مشروط کیا جائے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر، سرکاری دفاتر ، ہسپتالوں ، سکولز ، پارکس اور گرین بیلٹس کی صفائی ستھرائی پرخصوصی توجہ دی جائے ۔ بعدازاں کمشنر لاہور ڈویژن نے ڈی سی کمپلیکس کے لان میں پودا بھی لگایا ۔