وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز اگلے ہفتے پاکستان جائیں گے اور نواز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اگلے انتخابات میں مہم کی قیادت کریں گے۔ (ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان)
لندن میں نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ اب پنجاب میں انتخابات ہونے جارہے ہیں تو مسلم لیگ (ن) مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے کامیابی اور اکثریت حاصل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اس حوالے سے پارٹی قائد سے رہنمائی لی ہے اور مزید اجلاس ہوں گے اور قائد کی رہنمائی کے تحت اپنی انتخابی مہم شروع کریں گے، اس مہم میں نواز شریف خود بھی شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اگلے ہفتے پاکستان جا رہی ہیں، اگلے ہفتے 26 یا 27 تاریخ کا پروگرام بن رہا ہے۔
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ تو طے ہے کہ نواز شریف واپس جا کر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کریں گے تاہم واپسی کے حوالے سے مختلف قانونی معاملات پر بات ہوئی ہے، اس میں مزید مشاورت ہوگی اور اس کے مطابق واپس جائیں گے۔
پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، نواز شریف
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ رانا ثنااللہ، مریم نواز اور دیگر رہنما مشاورت کر رہے تھے اور پاکستان کے حالات کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرم کرے گا اور سب ٹھیک ہوگا، پاکستان مشکل سے باہر نکلے گا اور ہم نکالیں گے، یہ ممکن نہیں ہے پاکستان دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا نہ ہوسکے۔
عمران خان نے ملک کے جو حالات پیدا کردیئے تھے اس کے بعد تو تباہی کے کنارے پہنچ چکے تھے اس نے پاکستان کو صرف اپنی ذات کے گرد گھمایا اس قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا گیا.@NawazSharifMNS pic.twitter.com/CyXThbnPcw
— PML(N) (@pmln_org) January 19, 2023
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی پاکستان کی خدمت کی ہے اور لوگ جانتے ہیں، آج جو آدمی پاکستان کا یہ حشر کرکے گیا ہے، اس کے 4 سال کا میرے 4 سال کے ساتھ مقابلہ تو کریں
نواز شریف نے کہا کہ لوگ دیکھیں گے کہ ہمارے دور میں کیا حالات تھے، لوگ کتنے خوش حال تھے اور اس کے 4 برسوں میں لوگ کتنے بدحال ہوئے ہیں، ہم نے پاکستان کو مشکل سے نکالنے کے لیے یہ حکومت سنبھالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نے پاکستان کے جو حالات پیدا کردیے تھے، وہ تو ہم تباہی کے کنارے چلے گئے تھے، اس کے دور میں بتاچکا ہوں، گجرانوالا میں جلسے میں بتایا تھا کہ کون کس خرابی کا ذمہ دار ہے اور ہر بات کھول کر رکھ دی تھی۔
انشاءاللہ اللہ فضل و کرم کرے گا پاکستان مشکل سے باہر نکلے گا اور ہم نکالیں گے ہم نے اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی پہلے بھی بڑی خدمت کی ہے عمران خان جو پاکستان کا حشر کرگیا ہے اسکے چار سال کا میرے چار سالوں سے مقابلہ تو کریں.ہمارے دور میں لوگ کتنے خوشحال تھے.@NawazSharifMNS pic.twitter.com/7ETnc2kUaV
— PML(N) (@pmln_org) January 19, 2023
نواز شریف نے کہا کہ ہمارے ملک کے ساتھ ستم ظریفیاں ہوئی ہیں، ظالمانہ سلوک کیا گیا ہے، اس کے بارے میں بتانا اور عوام تک پہنچانا میری ذمہ داری ہے اور اس کو ٹھیک کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے پورے پاکستان کو اپنی ذات کے گرد گھمایا ہے اور اس قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا گیا ہے۔