میرپور آزاد کشمیر ۔میرپور سیکٹر بی/تھری میں ہونے والی مسلح ڈکیتی ٹریس، تینوں ڈاکو گرفتار، لوٹا ہوا مال، اسلحہ اور کار برآمد ،سرغنہ ڈاکو گھر کا داماد نکلا۔ ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان
عرفان سلیم سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع میرپور نے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مورخہ 12جنوری 2023ء دن 10:15 بجے میرپور شہر کے گنجان آباد سیکٹر B/3 میں شیخ عرفان ولدعبدالقیوم قوم شیخ کے گھر تین نامعلوم مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 11 تولے سونا اور 6 لاکھ روپے کیش جبراً چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر وسیم نواز انسپکٹر ایس ایچ او تھانہ سٹی فوری موقع پر پہنچے اور تفتیش شروع کر دی۔ میرپور شہر میں دن دیہاڑے ڈکیتی کے واقعہ کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
پولیس نے نامعلوم ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے جدید طر زِ تفتیش اپنایا اور دو روزکے اندر وقوع میں استعمال ہونے والی کار ٹریس کر کے ملزمان تک پہنچے میں کامیاب ہوگئی۔ واقعہ میں ملوث تینوں ملزمان ۱۔ بابر شفیق الرحمن ولد شفیق الرحمن قوم شیخ ساکنB/3حال چونگی نمبر 1 چترپڑی تحصیل وضلع میرپور ۲۔ محمد سلیم ۳۔ نسیم اختر پسران محمد اکرم اقوام جٹ ساکنان پلاہل کلاں کالا ڈب تحصیل چڑہوئی ضلع کوٹلی کو گرفتارکر لیا ہے اور ان کے قبضہ سے لوٹا گیامال جس میں تین سیٹ طلاعی زیورات، بالیاں و ٹاپس کل 11 تولے مالیتی 22 لاکھ روپے اور 6لاکھ روپے کیش برآمد کر لیے ہیں اور وقوع میں استعمال ہونے والے 1پستول 30 بور معہ میگزین و10روند، ایک مصنوعی پستول اور ایک کاربھی برآمد کر لی ہے۔