پاکستان مسلم لیگ ن نے منگل کے روز مریم نواز شریف کو نہ صرف پارٹی میں سینیئر نائب صدر کے عہدے پر ترقی دے دی ہے بلکہ انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر بھی مقرر کر دیا ہے۔ (ڈاکٹر سید ناصر/سہارا نیوز پاکستان)
مسلم لیگ ن کی تیس سالہ سیاسی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ کسی خاتون کو پارٹی کا چیف آرگنائزر بنایا گیا ہے۔ جبکہ سینیئر نائب صدر کے عہدے پر بھی وہ پارٹی کے اندر پہلی خاتون ہیں جو اس عہدے تک پہنچی ہیں۔
چیف آرگنائزر کے طور پر اب ان کے پاس اختیار ہو گا کہ وہ پارٹی کی تنظیم نو بھی کر سکیں گی اور پارٹی کے انتخابات بھی کال کر سکیں گی۔ اس سے پہلے وہ پارٹی کے 16 نائب صدور میں سے ایک تھیں۔ مریم نواز سے پہلے مسلم لیگ ن کے پارٹی نظم کے مطابق سینیئر نائب صدور کی تعداد چار تھی۔ شاہد خاقان عباسی ، سردار یعقوب ناصر ، پیر صابر شاہ اور سرتاج عزیز عہدوں کے اعتبار سے پارٹی صدر شہباز شریف کے بعد آتے ہیں۔ اب ان کے ساتھ پانچویں نائب صدر کے طور مریم نواز شریف کی اضافہ ہوا ہے۔