اسلام آباد (سہارا نیوز پاکستان) - پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس طیارہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے ارکان اور کمبل لے کر پی اے ایف بیس نور خان سے ترکیہ پہنچ گیا ہے۔
طیارہ پاکستانی عوام کی طرف سے زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کے لیے امدادی سامان لے کر پہنچا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا ٹرانسپورٹ بیڑا اندرون اور بیرون ملک قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔
قبل ازیں حکومتی ہدایات پردوست ملک ترکیہ میں خوفناک زلزلہ کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے کیلئے پاکستانی ریسکیو 1122 ٹیم گزشتہ روز ترکیہ روانہ ہو گئی۔ ترجمان کے مطابق ریسکیو ٹیم کی قیادت ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کر رہے ہیں،51 رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل ریسپانس کا حصہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ریسکیو ٹیم سرچ، ٹیکنیکل ریسکیو، روپ ، ریسکیو، میڈیکل ٹیم، کمانڈ سپورٹ، کوارڈینیشن و کمیونیکیشن اور لاجسٹک ٹیم پہ مشتمل اور یونائیٹڈ نیشن انسراگ سے سرٹیفائیڈ ہے-اس موقع پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی ریسکیو ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔
ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان