کراچی: شہید ملت روڈ انڈر پاس کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ | سہارا نیوز پاکستان | نامہ نگار ڈاکٹر سید ناصر
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح فیروزآباد تھانے کےعلاقے شہید ملت روڈ انڈر پاس کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوارشخص جاں بحق ہوگیا، مقتول نوجوان کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
مقتول نوجوان کی شناخت 20 سالہ دانش ولد شیخ رضوان احمد کے نام سے کی گئی، مقتول نوجوان پی آئی بی کالونی پریس کوارٹرز کا رہائشی تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کے مطابق مقتول کو سر میں ایک گولی مار کر قتل کیا گیا ہے جبکہ جائے وقوع سے ڈکیتی کے کوئی شواہد نہیں ملے، مقتول نوجوان کے پاس موبائل فون اور پرس سمیت تمام چیزیں موجود ہیں، تحقیقات کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ ہے یا کوئی اور معاملہ ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد مقتول نوجوان کی لاش جناح اسپتال سے چھیپا سرد خانے منتقل کر دی۔ بعدازاں، پولیس نے مقتول کے والد کو تھانے بلا لیا، تھانے بلا کر میت وصول کرنے کا لیٹر دیکر بھیج دیا گیا۔
مقتول نوجوان کے والد شیخ رضوان احمد نے بتایا کہ پولیس تعاون نہیں کر رہی اور کئی گھنٹے گزر گئے لیکن حقائق نہیں بتائے گئے، دانش 4 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور میڈیسن کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔
والد نے بتایا کہ رات کی ڈیوٹی کرکے گھر جا رہا تھا کہ اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، بیٹے کا معمول تھا کہ وہ صبح گھر آتا تھا، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور پولیس واقعے کو ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جائے وقوعہ کے قریب لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جائے تو حقائق سامنے آجائیں گے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ بیٹے کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے سجیدہ نوعیت عملی اقدامات کیے جائیں۔