کراچی پولیس نے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے خواتین کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ | ڈاکٹر سید ناصر | سہارا نیوز پاکستان
میڈیا سیل کراچی پولیس کے مطابق ’ملزم کو ڈی ایس پی عزیزآباد اور ایس ایچ او جوہرآباد کی ٹیم نے سنیچر کو گرفتار کیا۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کے نزدیک ایک موٹرسائیکل سوار خواتین کی وین کو دیکھ کر نازیبا حرکات کر رہا تھا۔
کراچی پولیس کے مطابق ’اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر تھانہ جوہر میں ایف آئی آر نمبر 329/23 درج کر لی گئی-‘
’ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ڈی ایس پی عزیزآباد اور ایس ایچ او جوہرآباد نے کی ٹیموں نے تمام شواہد اکٹھے کیے۔‘
پولیس نے مزید بتایا کہ ’تکنیکی بنیادوں پر ویڈیو کی تحقیق کی اور ایک ہفتے تک مختلف پوائنٹس پر پکٹس قائم کیں۔‘
ویڈیو کی تحقیقات کے لیے تھانہ جوہر آباد کی سی سی ٹی وی کیمرہ ٹیم نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
کئی روز کی مسلسل محنت اور تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کے بعد سنیچر کو ویڈیو میں موجود موٹرسائیکل سوار کو ریاض آٹوز بلاک 15 کے نزدیک سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’گرفتار کیے گئے شخص نے اپنا نام عدیل ولد نذر بتایا ہے جس کی تلاشی لینے پر اس کی پینٹ کی جیب سے ہیروئن کی ایک پُڑیا برآمد ہوئی۔‘
‘گرفتار شخص سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے جس کے بعد اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔‘