ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز میں مشترکہ پریس کانفرنس۔ ایم کیو ایم کے تین دھڑے آپس میں ضم ۔ (سہارا نیوز پاکستان)

 


ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے تین اہم دھڑے بمشول ایم کیو ایم پاکستان، پاک سر زمین پارٹی اور تنظیم بحالی کمیٹی آپس میں ضم ہو گئے ہیں۔ (سہارا نیوز پاکستان : ڈاکٹر ناصر)

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے تین اہم دھڑے بمشول ایم کیو ایم پاکستان، پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) اور تنظیم بحالی کمیٹی آپس میں ضم ہو گئے ہیں۔ 


یہ اعلان تینوں دھڑوں کی سربراہوں کی ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر مقبول صدیقی، پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اور تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار بھی موجود تھے۔


کراچی میں جمعرات کی سہ پہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ’سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ ہونے والے رویے، سیاسی آزادیوں پر لگائی جانے والی قدغن، مردم شماری، حلقہ بندی، ووٹر لسٹ، نوکریوں ، شناخت پہچان، عزت نفس یہ سب زد میں رہی ہے۔‘


ایم کیو ایم کے تینوں دھڑوں کے ضم ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ’ہم پریس کانفرنسوں اور عوامی جلسوں میں اپیل کرتے رہے ہیں کہ حالات سنگین سے سنگین تر ہو رہے ہیں، ہم سب کو اس کی سنگینی کا احساس ہے۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تمام لوگ، اپنی آواز میں آواز ملائیں، اور کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے، ہر مسلک اور فرقے سے تعلق رکھنے والے یہاں بستے ہیں۔‘


خالد مقبول صدیقی کے مطابق: ’ان حالات میں ہم سب نے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، ہماری اس اپیل پر، اس دعوتِ شمولیت اور شراکت پر تمام لوگوں نے آپس میں خاص طور پر جو نیا مرحلہ شروع کیا تھا، جس میں کراچی کو اس کے اصل وارثوں سے چھیننے کی جو سازش اور منصوبہ بنایا گیا تھا، اس کو ناکام بنانے کے لیے ہم سب کو اکٹھا ہو کر آگے بڑھنے اور آواز بلند کرنے کی جو ضرورت تھی۔‘


انہوں نے کہا کہ ’آج ہم سب کی مشترکہ کوششیں اور کاوشیں رنگ لائی ہیں۔‘

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کا بانی ایم کیوایم سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں تھا۔ ’میں نے تمام عہدے چھوڑ کر پارٹی سے علیحدگی اختیار کی، اس وقت جب اس شہرمیں بغاوت کی سب سےچھوٹی سزا موت تھی، اس وقت ہم نے واپس آ کر سچ بولا۔ ایک شخص روز ریاست کے خلاف باتیں کیا کرتا، کے فوج کے خلاف باتیں کرتا، اور مودی سے اپیل کرتا کہ بارڈر کھول دو، سیاسی پناہ دو۔‘


مصطفیٰ کمال کے مطابق انہیں اپنے مہاجر ہونے پر فخر ہے، ’ہم نے اس شہر کورا کے تسلط سے اس لیے آزاد نہیں کرایا کہ زرداری اسے اپنی جاگیر سمجھ لیں، را سے اس لیے آزاد نہیں کرایا کہ زرداری کی جاگیر بن جائے، ہم شریف کیا ہوئے کہ پورا شہر ہی بدمعاش ہو گیا۔‘


مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ’آج پی ایس پی سے متحدہ کی طرف ایک اور ہجرت کر رہے ہیں، آصف زرداری بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں، بلاول کو وزیراعظم بنانا ہے تو کراچی کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا، چند لوگوں کی باتوں میں آ کر سارا کھیل خراب نہ کریں۔‘انہوں نے کہا کہ ’کراچی کا 40 فیصد کوٹہ تھا وہ بھی نہیں دیا گیا، ہم میں اختلاف تھا، ہم نے کھل کر اختلاف کیا، منافقت نہیں کی، کراچی کے حالات کو دیکھ کر متحد ہو رہے ہیں اور ہم خالد مقبول کی سربراہی میں کام کریں گے۔‘


مصطفیٰ کمال نے اپیل کی کہ کراچی کے نوجوانوں کو ایک بار مکمل معافی دی جائے اور لاپتہ نوجوانوں کو رہا کر کے ان کے گھروالوں کو واپس کیا جائے۔


پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج کا دن پورے پاکستان کے لیے اہمیت کا دن ہے، پاکستان کو ایم کیو ایم سے امید نظر آتی ہے، متحد، منظم، متحرک، سیکیولر ایم کیوایم پاکستان قائم کرنے جا رہے ہیں۔


فاروق ستار نے کہا کہ حکمران 10 ارب ڈالر کے لیے جنیوا کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ ایم کیوایم کو موقع دیا جائے تو 10 ارب ڈالر صرف کراچی کما کر دے سکتا ہے، کسی اور کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔

ایم کیو ایم کے دھڑے کے ضم ہونے پر ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ایم کیوایم کی تقسیم زہر قاتل تھی۔ ماضی ماضی کو جواز بنانے کے بجائے اپنی ماضی کی چھاپ کو دور کرنا ہوگا۔ اب مستقبل کو دیکھنا ہے، لہٰذا صاف ستھری، پڑھے لکھے اور نفیس لوگوں کی ایم کیوایم بنائیں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا، ’سرفراز کبھی دھوکہ نہیں دیتا۔ سرفراز صرف دھوکہ کھاتا ہے۔ مگر اب سرفراز دھوکا نہیں نہیں کھائے گا۔‘

ایک تبصرہ شائع کریں

Welcome To Sahara News Pakistan
Let Us Know Your Valuable Feedback Thanks.

جدید تر اس سے پرانی