کراچی کے علاقے شاہنواز بھٹو کالونی میں ڈاکو نے 5 بہنوں کے اکلوتے بھائی کو بیوی، 2 معصوم بچوں اور بھانجی کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
سہارا نیوز پاکستان (نامہ نگار) ڈاکٹر سید ناصر کی رپورٹس کے مطابق ڈاکو نے مزمل نامی شہری کا پرس چھیننے کی کوشش کی، اس دوران پرس گر گیا، مقتول مزمل پرس اٹھانے لگا تو ڈاکو فائرنگ کر کے فرار ہو گیا، زخمی مزمل نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
پولیس کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 2 شاہنواز بھٹو کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا مزمل اپنی بیوی، بھانجی اور 2 بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔
پولیس نے جائے وقوع کا دورہ کر کے شواہد اکٹھے کیے اور اطراف میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں سے ویڈیوز حاصل کر لی ہیں۔
مقتول کے اہل خانہ نے حکومت سے انصاف طلب کرتے ہوئے قاتل کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔