اسلام آباد (سہارا نیوز پاکستان) - صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر انتخابات سے متعلق مشاورت کی دعوت دے دی۔
صدر عارف علوی نے انتخابات کی تاریخ نہ دیئے جانے کا نوٹس لے لیا، صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو ایک اور خط لکھ دیا۔
صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں 20 فروری کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دے دی۔ کہا ایکٹ کے تحت عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کمیشن سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ اس معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے اور سپریم کورٹ کے حالیہ مشاہدات جیسی کچھ اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
صدر عارف علوی نے پہلے خط کا جواب نہ دینے پر الیکشن کمیشن پر ناراضی کا بھی اظہار کیا۔ صدر نے لکھا کہ وہ بے چینی سے انتظار کررہے تھے کہ الیکشن کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا، لیکن اس کے رویے سے مایوسی ہوئی۔