مشکل کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، شہباز شریف | سہارا نیوز پاکستان

 


لاہور۔10فروری (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ترک بھائیوں کی مدد کے لیے کوئی کسر اٹھانہیں رکھیں گے ،ان حالات میں کبھی ترکیہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، ترکیہ کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں، امید کرتے ہیں ترکیہ جلد اس مشکل سے نکل آئے گا۔ | ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان 


ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر لاہور ائیر پور ٹ پر گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔


اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی، ترکیہ کے قونصل جنرل اور این ڈی ایم کے چیئرمین بھی موجو د تھے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ زلزلے سے ترکیہ اور شام میں ہزاروں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ، ہمارے برادر ممالک ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلہ نے جو تباہی مچائی جس سے ہزاروں لوگ جن میں بزرگ، بہنیں، بھائی اور بچے شامل تھے اللہ کو پیارے ہو گئے اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے جبکہ ہزاروں لوگ زخمی ہیں، لوگ بے سروسامانی کی حالت میں اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اتنی تباہی عصر حاضر میں ہماری آنکھوں نے کم ہی دیکھی ہوگی، ترکیہ اور شام میں ہر طرف ہولناک مناظر دکھائی دیتے ہیں،ہمیں پوری امید ہے کہ ترکیہ کے عوام اپنے لیڈر صدر طیب اردگان کی سربراہی میں ان مشکل حالات سے ضرور نکلیں گے اور اسی طرح شام کے عوام بھی دلیری سے حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے مشکلات سے نکلیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے 22کروڑ عوام ترکی کے بہن اور بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں،ترکیہ میں زلزلے کے بعد میں نے فوری طور پر ترک صدر طیب اردگان کو فون کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی کرائی ، پاکستان ترکیہ کو کبھی ان حالات میں اکیلا نہیں چھوڑے گا۔


محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ بہت دیرنیہ تعلقات ہیں ، پاکستان میں 2005کے زلزلہ میں تقریبا ایک لاکھ افراد لقمہ اجل بن گئے اور ہر طرف تباہی تھی جبکہ 2010کے بدترین سیلاب میں ترکی کے صدر طیب اردگان خود پاکستان تشریف لائے اور ان کے ساتھ ان کی اہلیہ بھی تھیں، اس سیلاب میں ترکیہ نے پاکستان میں گائوں کے گائوں بسائے اور نئے ہسپتال بنائے اور ترکی کی عوام اور صدر نے اس وقت تک رابطہ برقرار رکھا جب تک پاکستان کا آخری فرد اپنے گھر میں دوبارہ بحال نہیں ہوا، اس وقت ترکیہ کی خاتون اول نے ترکی کے مخیر حضرات اور تاجروں سے پاکستان کی مالی امداد کے لیے اپیل کی اوراپنا قیمتی ہار بھی عطیہ کے طور پر پیش کیا۔


انہوں نے کہا کہ حالیہ زلزلے میں پاکستانی حکومت اور عوام ترک بھائیوںکے شانہ بشانہ کھڑ ی ہے اور ہم اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے ترکی عوام کی ہر ممکن مدد کریں گے،محمد شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں بھی ترکیہ نے پاکستان کی بھر پور مدد کی اور ہم نے بھی ترکیہ اور شام کے بھائیوں کی امداد جاری رکھنی ہے ،جس دن ترکیہ میں زلزلہ آ یا اسی دن اپنے بھائیوں کی امداد کیلئے پاکستان آ رمی اور ریسکیو کی ٹیمیں روانہ کردی گئیں۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ شدید سردی کے باعث ترکیہ کے عوام کو گرم کپڑوں اور بستروں کی اشد ضرورت ہے، پاکستان سے سو ٹن امدادی سامان ترکیہ بھجوایا جارہا ہے جبکہ مجموعی طور پر 142ٹن امدادی سامان ترکیہ بھجوایا جائے گا،


ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے ہونے والی تباہی گزشتہ سو سالوں میں بھی نہیں دیکھی،ترکیہ اور شام میں لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں،ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ترکیہ عوام کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بردار ممالک ترکیہ اور شام میں بڑا ہولناک زلزلہ آیا،جس سے ہزاروں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ،پاکستانی عوام ترک بھائیوں کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل گھڑ ی میں ترکیہ کے عوام کے ساتھ ہر قسم کی امداد کرنے کو تیار ہیں،ریسکیو ٹیموں کی طرف سے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے،پاکستان کے ہر ضلع میں اپنے برادر ممالک ترکیہ اور شام کی امداد کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے سنٹرز قائم کیے جار ہے ہیں اور ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں بھی عطیات جمع کیے جائیں گے،پاکستان آرمی اور ریسیکیو کی ٹیمیں ترکیہ پہنچ چکی ہیں۔


محمد شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ میں زلزلے کے بعد میں نے ترک صدر طیب اردگان کو فون کیا اور ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ترکیہ کو کبھی ان حالات میں اکیلا نہیں چھوڑے گا،جمعتہ المبارک کے مبارک دن کے موقع پر ترکی کے عوام کے جو لوگ اللہ کو پیارے ہو گئے ہیں ان کے لیے دعائے مغفرت فرمائیں اور عطیات کی اپیل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ترکیہ کی امداد کا سلسلہ ہر روز جاری رہے گا۔انہوں نے عوام، تاجر اور فلاحی اداروں سے امداد دینے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔اس موقع پرترکیہ قونصل جنرل نے پاکستانی حکومت اور عوام کے ترکیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کو سراہا اور کہا دونوں ممالک کے آ پس میں تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں

ایک تبصرہ شائع کریں

Welcome To Sahara News Pakistan
Let Us Know Your Valuable Feedback Thanks.

جدید تر اس سے پرانی