آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے مطابق کراچی پولیس آفس پر آج ہونے والے ’دہشت گرد حملے‘ میں پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دو شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ | ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان کراچی
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعے کی شام ایڈیشنل آئی جیز کے دفتر پر مبینہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مختلف ڈی آئی جیز کو اپنی زون سے ضروری پولیس فورس بھیجنے کی ہدایت بھی کی ہے اور کہا ہے کہ ’تھوڑی دیر کے بعد متعلقہ افسر سے واقعے کی رپورٹ چاہئے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
سندھ رینجرز کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی پولیس چیف آفس پر حملے کی اطلاع پر رینجرز کی ’کوئک رسپانس فورس‘ نے جائے وقوع پہ پہنچ کر علاقے کا گھیراؤ کرلیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ رینجرز نے پولیس کے ہمراہ ’دہشت گردوں‘ کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔
سندھ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی طور پر آٹھ سے 10 مسلح دہشت گردوں کی جانب سے کارروائی اور موجود گی کی اطلاع پر ان کے حلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔‘
ایدھی ذرائع کے مطابق ایدھی کے جناح پوائنٹ کے 25 سالہ رضاکار ساجد گولی لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں اور انہیں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سینیٹر نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ ’کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گرد حملہ افسوس ناک ہے۔ دہشت گرد سندھ کی پر امن دھرتی کے دشمن ہیں اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرکے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جانا چاہیے۔