حکام کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کے شہر رکنی میں اتوار کو بم دھماکے میں چار افراد جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم بھنگر نے سہارا نیوز پاکستان کو بتایا رکنی دھماکے میں چار افراد جان سے گئے اور جبکہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق: ’زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ کچھ کو مقامی ہسپتال جبکہ دوسروں کو ڈیرہ غازی خان لے جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘
اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم بھنگر نے بتایا کہ رکنی بازار میں دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب مواد کی وجہ سے ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جان سے جانے والوں اور زخمیوں میں عام شہری شامل ہیں۔
تحصیل دار رکنی محمد سلیم نے سہارا نیوز پاکستان سے بات کرتے ہوئے بتایا: ’بم ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ واقعے میں سات سے زائد افراد زخمی ہوئے۔‘
دھماکہ آج صبح 10 بجے کے آس پاس ہوا، جس کی وجہ سے دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائی شروع کر دی۔
بارکھان کے مقامی صحافی حیات کھیتران نے سہارا نیوز پاکستان کو بتایا کہ دھماکہ ایک حجام کی دکان کے قریب ہوا۔
’دھماکے کی شدت زیادہ تھی، اس لیے زخمیوں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔‘
انہوں نے بتایا واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔