23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا عہد ساز دن ہے جو ہمیں اپنے ماضی کی یاد دلاتا ہے،وزیر اعظم کا یوم پاکستان پر پیغام | سہارا نیوز پاکستان



اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایسا عہد ساز دن ہے جو ہمیں اپنے ماضی کی یاد دلاتا ہے،ہمیں اپنے موجودہ حالات پر غور و فکر کرنے کی دعوت دیتا ہے اور ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کی تحریک دیتا ہے،پاکستان سیاسی اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا اور اس کا مستقبل آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے۔ | ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان 

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم پاکستان پر پیغام میں کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایسا عہد ساز دن ہے جو ہمیں اپنے ماضی کی یاد دلاتا ہے، ہمیں اپنے موجودہ حالات پر غور و فکر کرنے کی دعوت دیتا ہے اور ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کی تحریک دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن عہد کی تجدید کا دن ہے۔
ن ہمیں 1940 میں واپس لے جاتا ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی جسے وہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں اپنا وطن کہہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا آزادی کا خواب مسلمانوں کے مطالبات اور علیحدہ وطن کی امنگوں کی نمائندگی کرنے والی قرارداد کی صورت میں ظاہر ہوا۔قائداعظم کی قیادت میں بر صغیر کے مسلمانوں کی سات سالوں کی تاریخ ساز جدو جہد نے اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام یقیناً 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے، ہمارے گزشتہ 75سالوں کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبردآزما ہوتے اور قدرتی آفات سمیت بہت سے بحرانوں سے لڑتے دیکھا ہے، کئی مواقع ایسے آئے ہیں جب ہم نے مشکلات پر قابو پالیا اور کئی سنگ میل عبور کئے، عالمی برادری کے رکن کی حیثیت سے پاکستان نے انسانیت کو درپیش مسائل کے حل اور عالمی امن کے قیام میں ایک ذمہ دار قوم کا کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج جب ہم یوم پاکستان منا رہے ہیں اور اپنے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں تو ہمیں ان چیلنجوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو ہمارے سامنے ہیں، آج ہمیں سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے، پاکستان سیاسی اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا تھا اور اس کا مستقبل آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے، تاہم اس کے حقیقت بننے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا،

اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہوگا اور اپنے اسلاف کی میراث کے مطابق جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔آئیے آج کے دن ہم خود احتسابی کریں تا کہ اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا ازالہ کر سکیں،جو قومیں جو اپنے ماضی کا تجزیہ کرنے، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے اور اصلاح کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں وہی حقیقی کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Welcome To Sahara News Pakistan
Let Us Know Your Valuable Feedback Thanks.

جدید تر اس سے پرانی