جعلی نرس مریضوں کی دیکھ بھال کے بہانے آتی اور بے ہوشی کا انجیکشن لگاتی، مریض کے بے ہوش ہونے کے بعد موبائل فون اور قیمتی سامان لے کرفرار ہوجاتی تھی | پولیس | ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان
کراچی کے اہم سرکاری ہسپتال میں مریضوں کو بے ہوش کرکے لوٹنے کا انکشاف ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سول اسپتال میں مریضوں کو بےہوش کرکے لوٹنے والی جعلی نرس کو گرفتار کیا گیا ہے، جعلی نرس مریضوں کی دیکھ بھال کے بہانے آتی اور بے ہوشی کا انجیکشن لگاتی تھی، نرس مریض کے بےہوش ہونے کے بعد موبائل فون اور قیمتی سامان لے کرفرار ہوجاتی تھی۔
پولیس نے کہا ہے کہ جعلی نرس نے سول ہسپتال میں متعدد وارداروں کا اعتراف کیا ہے، جعلی نرس نے متعدد خواتین مریضوں کو بھی بےہوشی کا ٹیکہ لگا کر لوٹا، جعلی نرس انٹرپاس ہے جو کورنگی کی رہائشی ہے، جعلی نرس کی سول اسپتال میں چہل قدمی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی، جس کے بعد مریضوں کو لوٹنے والی نرس کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔
ادھر سکھر کے سول ہسپتال میں جعلی نرس بن کر مریضوں کو لوٹنے والی ملزمہ کو ہسپتال انتظامیہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، سکھر سول ہسپتال انتظامیہ نے ملزمہ کو ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کو نشہ آور انجیکشن لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا اور پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد ملزمہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مدعی نے بتایا کہ اس کی بیٹی آپریشن کے لیے ہسپتال میں داخل تھی اس دوران ملزمہ نے اسے انجیکشن لگا کر لوٹنے کی کوشش کی جو ہسپتال انتظامیہ نے ناکام بنادی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ اس سے قبل بھی جعلی نرس بن کر ایک خاتون کو نشہ آور انجیکشن لگا کر سونے کی بالیاں چوری کرچکی ہے، ملزمہ کے قبضے سے نشہ آور انجیکشن اور دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئی ہیں۔