بلوچستان کے معروف ادیب عابد میر اسلام آباد سے لاپتا | تھانہ رمنا میں گمشدگی کی رپورٹ درج | سہارا نیوز پاکستان


 پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے معروف لکھاری اور ادیب عابد میر اسلام آباد سے لاپتا ہو گئے ہیں۔

جمعرات کو عابد میر کے بھائی خالد حسین نے اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی ہے | ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان 

عابد حسین صحافتی اور ادبی حلقوں میں عابد میر کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد سے ہے اور وہ کوئٹہ کے گورنمنٹ پوسٹ ڈگری کالج سریاب میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر تعینات ہیں۔

عابد میر کے بھائی خالد حسین نے سہارا نیوز پاکستان کو بتایا کہ ان کے بھائی نمل یونیورسٹی اسلام آباد میں پی ایچ ڈی سکالر ہیں۔ اس لیے اسلام آباد میں مقیم تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ’عابد میر بدھ کی شام چھ بجے سے لاپتا ہیں۔ آخری بار عابد کی بات ان کی اہلیہ سے شام چھ بج کر 22 منٹ پر ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے اہل خانہ سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔‘

’کچھ دوستوں کے مطابق عابد میر کا موبائل نمبر رات نو بجے تک رسائی میں تھا لیکن وہ کال وصول نہیں کر رہے تھے۔‘

خالد حسین نے بتایا کہ ’آخری بار کے رابطے کے مطابق عابد میر اسلام آباد کے علاقے جی 11مرکز میں تھے جس کے بعد سے وہ لاپتا ہیں۔ ہم نے اسلام آباد کے پولیس تھانہ رمنا میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی ہے ۔‘

اہل خانہ کے مطابق عابد میر ان دنوں آن لائن میگزین ’لوک سجاگ‘ کے بلوچستان کے ریجنل ایڈیٹر کے طور پر بھی کام کر رہے تھے۔

وہ بلوچستان کے آن لائن صحافتی ادارے ’حال احوال‘ کے ایڈیٹر بھی رہ چکے ہیں۔ عابد میر مختلف اخبارات میں کالم بھی لگتے رہے جبکہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بلوچستان کے مسائل پر کھل کر حکومت کو تنقید کرتے رہے ہیں۔

عابد میر کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور فیس بک پر صحافیوں ،ادیبوں اور دیگر صارفین نے عابد میر کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Welcome To Sahara News Pakistan
Let Us Know Your Valuable Feedback Thanks.

جدید تر اس سے پرانی