بحیرہ عرب سے اٹھنے والا سمندری طوفان بیپر جوئے بہت شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا۔طوفان سے پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے متعلق بدھ کو چوتھا الرٹ بھی جاری کیا جس کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود طوفان بیپر جوئے مزید شدت کے بعد بہت شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے۔ | ڈاکٹر سید ناصر سہارا نیوز پاکستان
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران طوفان کا رخ مسلسل شمال کی سمت رہا، طوفان کا فاصلہ کراچی سے مزید کم ہوگیا اور بدھ کو رات کے وقت یہ فاصلہ 1260 کلومیٹر ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے گرد ہوائیں چلنے کی رفتار 120 سے بڑھ کر 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ گئی ہے جبکہ اس میں مزید تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ طوفان بیپر جوئے سے کسی پاکستانی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے البتہ تمام صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کو الرٹ رہنے اور صورتحال کے بارے میں لوگوں کی معلومات اور رہنمائی کے لئے ضروری اقدامات سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں ۔