کراچی: بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم ٹی ٹی پی کے 2دہشتگردگرفتار | سہارا نیوز پاکستان

 


کراچی : (سہارا نیوز پاکستان) پاکستان رینجرز سندھ نے مبینہ طور پر کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ۔

پریس ریلیز کے مطابق کراچی پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 2 سرغنہ گرفتار کرلیے جو شہر کے علاقوں صدر، منگھوپیر اور بنارس میں مبینہ طور پر بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔


پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کی شناخت عبدالقادر اور محمد کمال خان کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان میں مقیم کالعدم ٹی ٹی پی کے ’دہشت گرد افسر‘ خان عرف ارشد کی ہدایت پر بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں کرتے تھے۔


پریس ریلیز کے مطابق ملزمان کا گروہ کراچی کے مقامی تاجروں کے نمبر خان عرف ارشد کو دیتا تھا اور بھتے کی رقم لے کر پڑوسی ملک بھیجتا تھا، اور بھتے کی رقم دینے سے انکار کرنے پر وہ لوگوں کو ’قتل یا زخمی‘ بھی کردیتے تھے ۔ 


ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے 5 مقامی تاجروں کے نمبر شیئر کرنے، بھتے کی پرچیاں بھیجنے اور رقم دینے سے انکار پر 2 تاجروں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔


ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ دونوں مشتبہ افراد کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Welcome To Sahara News Pakistan
Let Us Know Your Valuable Feedback Thanks.

جدید تر اس سے پرانی